جامعہ پنجاب سال بھر علامہ اقبالؒ کی سالگرہ تقریبات منائیگی
اقبال کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پروگرام ترتیب دئیے جائینگے وائس چانسلر کی وفدکے ہمراہ مزارپرفاتحہ خوانی،علامہ اقبال کیمپس میں خطاب
لاہور (آن لائن)وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کی قیادت میں پنجاب یونیورسٹی کے وفد نے علامہ اقبال ؒکے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ وائس چانسلر نے برصغیر کے عظیم شاعر، فلسفی اور مفکر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے کہا علامہ اقبالؒ کا فلسفہ ، شاعری اور سیاست کو صرف پڑھنا نہیں چاہیے بلکہ اس پر عمل بھی کرنا چاہیے ۔
انہوں نے وزیٹربک میں اپنے تاثرات بھی درج کئے ۔ دریں اثناوائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے اعلان کیا ہے کہ علامہ اقبالؒ کی 150ویں سالگرہ کے سلسلے میں جامعہ پنجاب میں سال بھر تقریبات منعقد کی جائینگی۔ علامہ اقبالؒ کی فکر، فلسفے ، شاعری اور قومی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی پروگرام ترتیب دئیے جائینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام علامہ اقبال کیمپس میں یوم اقبال کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ سینئر صحافی سلمان غنی، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر محمود سلیم، ڈی جی ریحان صادق شیخ، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر شاہزیب خان، ڈینز، صدور شعبہ جات اور اساتذہ نے شرکت کی۔
وائس چانسلر نے خطاب میں مزید کہا کہ ماضی میں جامعہ پنجاب میں علامہ اقبالؒ کی 100ویں سالگرہ تقریبات بھی منعقد کی گئیں۔ علامہ اقبال ؒجامعہ پنجاب کے طالبعلم، معلم، محقق، ممتحن اور نصاب ساز رہے ہیں، جو اس ادارے کیلئے تاریخی اعزاز ہے ۔ علامہ اقبالؒ عظیم مفکر، شاعر، اسلامی سکالر، صوفی اور سیاستدان تھے ۔ دنیا میں جتنی عظیم شخصیات پیدا ہوئیں، علامہ اقبال ؒان میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ انکی فکر اور فلسفے کا مکمل احاطہ کرنا ممکن نہیں اور ہم انہیں انکے شایان شان خراج عقیدت پیش کرنے سے بھی قاصر ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی کو علامہ اقبالؒ کے افکار کی روشنی میں پاکستانیت کا مرکز بنائیں گے ۔ تقریب میں پنجاب یونیورسٹی کی میوزک سوسائٹی نے کلام اقبال پیش کیا جسے حاضرین محفل نے خوب سراہا۔ بعد ازاں وائس چانسلر نے کالج آف فارمیسی میں اقبال گیلری کا دورہ بھی کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments