ملتان کے کھلاڑیوں نے ملک کا نام روشن کیا،قاسم گیلانی
ملتان(سپورٹس رپورٹر)ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے دنیا بھر میں ہمارے کھلاڑیوں نے اس کھیل میں اپنے ملک کا نام روشن کیا ہے ۔ملتان قدرتی صلاحیتوں سے مالامال خطہ ہے یہاں سے ہمیشہ ہر کھیل میں بہترین صلاحیتوں کے مالک کھلاڑیوں نے اپنا بہترین کھیل پیش کیا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار سید علی قاسم گیلانی ممبر قومی اسمبلی نے ڈسڑکٹ سپورٹس آفیسر ملتان فاروق لطیف اور چیف آرگنائزر سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان ہاکی اکیڈیمی سفیر حسین نقوی سے ملاقات کے موقع پر کیا ۔سفیر حسین نقوی نے ان سے پہلی جنوبی پنجاب سید یوسف رضا گیلانی ہاکی لیگ کے انعقاد کے سلسلہ میں بریفنگ دی اور انہیں بتایا کہ جلد ہی سٹیٹ آف آرٹ ملتان آسٹروٹرف ہاکی سٹیڈیم ملتان میں جنوبی پنجاب کے ہاکی کے کھلاڑیوں کے لیے ایک ایونٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں جنوبی پنجاب کے باصلاحیت کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے ۔سید علی قاسم گیلانی نے اس ایونٹ کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لیے سفیر حسین نقوی کی زیر نگرانی جو اقدامات کررہا ہے وہ قابل تحسین ہیں ۔اس سلسلہ میں جو بھی تعاون درکار ہوگا وہ کریں گے تاکہ ہمارے خطہ کے نوجوان ماضی کی طرح مستقبل میں بھی بین الاقوامی سطح پر شہر ملتان کا نام روشن کرتے رہیں ۔