کھلے مین ہولز اور آوارہ کتوں پر زیرو ٹالرنس ،فوادہاشم
فیلڈ میں عملی اقدامات کئے جائیں،زبانی جمع خرچ نہیں چلے گا، خطاب
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا ہے کہ کھلے مین ہولز میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات ریڈ لائن ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بچوں کے گرنے کے افسوسناک واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے جبکہ آوارہ کتوں کی موجودگی اور شہریوں کو کاٹنے کے واقعات ہرگز برداشت نہیں کئے جائیں گے ۔ اجلاس میں ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کے ڈویژنل کمشنرز عامر کریم خان، مسرت جبیں، اشفاق احمد چودھری سمیت جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ تمام افسروں نے مین ہولز کو مکمل کور کرنے اور آوارہ کتوں کی تلفی سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ اب محض زبانی اعداد و شمار سے کام نہیں چلے گا، فیلڈ میں عملی نتائج واضح دکھائی دینے چاہئیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کھلے مین ہولز کی 100 فیصد کوریج اور آوارہ کتوں کے خاتمے کے لئے سینئر افسر مسلسل نگرانی کریں جبکہ ڈپٹی کمشنرز کی فیلڈ موجودگی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ حقیقی صورتحال جاننے کے لئے عوامی آراء بھی حاصل کی جائیں گی اور اس مقصد کے لئے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جن کی رپورٹس باقاعدگی سے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوائی جائیں گی۔ انہوں نے بہاولپور ڈویژن میں واسا کی 100 فیصد مین ہول کوریج رپورٹ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹس میں تضاد پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رئیل ٹائم اور درست ڈیٹا شیئرنگ ہر سطح پر یقینی بنائی جائے ۔