تحصیل ہسپتال،سہولیات نہ ہونے سے شہری مشکلات کا شکار
ادویات فراہم نہ کی گئیں ، سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے : شہری
جہانیاں (نمائندہ دنیا) تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال جہانیاں میں ادویات اور بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں، خصوصاً غریب مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نزلہ، کھانسی، بخار، شوگر کی انسولین اور دیگر ادویات کی عدم دستیابی مریضوں کے لیے علاج مشکل بنا رہی تھی۔ دور دراز علاقوں سے آئے مریض علاج کے لیے آئے مگر ہسپتال عملہ انہیں ادویات کی پرچیوں کے ذریعے بازار سے مہنگے داموں ادویات لینے پر مجبور کرتا رہا۔
مریضوں نمرا بی بی فاطمہ بی بی نور رشید بی بی محمد حسن محمد اظہر محمد عمر محمد عمران محمد شہزاد محمد شاہد ودیگر نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال میں سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہسپتال کی تزین و آرائش اور عمارت کی خوبصورتی پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے ، مگر ادویات فراہم نہ کی گئیں، سروے میں مریضوں نے کہا کہ صحت کی بنیادی سہولت سے محروم ہونا ناقابل برداشت ہے ۔شہری سال 2026 میں وزیر اعلیٰ پنجاب، سیکرٹری ہیلتھ، وزیر صحت اور کمشنر ملتان و ڈپٹی کمشنر خانیوال سے توقع رکھتے ہیں کہ سہولیات اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔