ستھرا پنجاب کی گاڑی پر سرکاری لکڑی چوری، اے سی کا نوٹس

 ستھرا پنجاب کی گاڑی پر سرکاری لکڑی چوری، اے سی کا نوٹس

تھانہ صدر کبیروالا میں مقدمہ درج ، ایک ملزم گرفتار، دوسرے کی تلاش جاری

جودھ پور، سراے سدھو (نمائندہ دنیا ، نامہ نگار )کبیروالا میں ستھرا پنجاب کی گاڑی کے ذریعے سرکاری لکڑی چوری کا واقعہ سامنے آیا، جس کی وائرل ویڈیو کے بعد اسسٹنٹ کمشنر رانا عامر لیاقت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف تھانہ صدر کبیروالا میں مقدمہ درج کر دیا۔ واقعہ میں استعمال ہونے والے ٹریکٹر اور ٹرالی کا کنٹریکٹ منسوخ کر دیا گیا اور غفلت و بدعنوانی کے مرتکب دو ملازمین کو برطرف کر دیا گیا۔ پولیس نے ایک ملزم گرفتار کر لیا ہے جبکہ مرکزی ملزم مفرور ہے جس کی تلاش جاری ہے ۔ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ٹریکٹر ٹرالی پر چوری شدہ لکڑی پر ترپال ڈال کر اسے چھپایا جا رہا تھا۔ شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے قانون کی بالادستی قائم ہوگی اور آئندہ ایسے واقعات کی راہ روکنے میں مدد ملے گی۔ ادارے نے اس معاملے کی مکمل شفاف چھان بین کا بھی وعدہ کیا ہے تاکہ دوبارہ اس نوعیت کی بدعنوانی نہ ہو سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں