ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت،ہیلتھ کیئر کمیشن میں درخواست دائر

 ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت،ہیلتھ کیئر کمیشن میں درخواست دائر

کارڈیالوجی ہسپتال میں مبینہ غفلت سے خاتون زندگی کی بازی ہار گئی تھی

ملتان (کورٹ رپورٹر)ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث خاتون مریضہ کے جاں بحق ہونے کے معاملے پر شہری نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن میں باضابطہ درخواست دائر کر دی ہے ۔ درخواست گزار ایڈووکیٹ نشاط صدیقی نے الزام عائد کیا ہے کہ کارڈیالوجی ہسپتال کے ڈاکٹرز کی غفلت کے باعث ان کی اہلیہ جانبر نہ ہو سکیں۔ایڈووکیٹ نشاط صدیقی نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی اہلیہ دل کے شدید مسئلے کے ساتھ ہسپتال لائی گئیں، تاہم انڈر اٹیک کی علامات کے باوجود ڈاکٹرز نے انہیں ایمرجنسی میں داخل نہ کیا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بجائے ڈسچارج کر دیا، جس کے کچھ دیر بعد مریضہ انتقال کر گئیں۔درخواست میں بتایا گیا کہ ایمرجنسی میں مریضہ کا صرف ای سی جی اور بلڈ پریشر چیک کیا گیا، جبکہ ای سی جی میں خطرناک علامات کے باوجود ڈاکٹروں نے اسے مشین کی خرابی قرار دے کر نظرانداز کیا اور انتظار کا کہا۔ بعد ازاں بیرون و اندرون ملک ماہر کارڈیالوجسٹس سے رائے لی گئی تو معلوم ہوا کہ فوری علاج، ایکو ٹیسٹ اور ایمرجنسی مداخلت کی اشد ضرورت تھی، جو فراہم نہیں کی گئی۔درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مبینہ غفلت کے مرتکب ڈاکٹرز کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے اور ان کے میڈیکل لائسنس منسوخ کئے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں