ملتان آرٹس کونسل :قائداعظم پورٹریٹ مقابلے کی نمائش
قائدا عظم ؒ نے سیاسی بصیرت سے الگ وطن حاصل کیا ، ایڈیشنل کمشنر
ملتان (لیڈی رپورٹر)ایڈیشنل کمشنر (کوارڈی نیشن) ملتان کریم بخش نے کہا ہے کہ قائداعظمؒ جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے عظیم محسن ہیں۔ انہوں نے دن رات انتھک محنت اور اپنی بے مثال سیاسی بصیرت سے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک الگ اور آزاد وطن حاصل کیا۔ یہ بات انہوں نے ملتان آرٹس کونسل کے زیر اہتمام بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے جنم دن کے موقع پر نوجوان مصوروں کے درمیان پورٹریٹ مقابلے کی نمائش کے افتتاح کے دوران کہی۔ایڈیشنل کمشنر نے کہا کہ نوجوان مصور بابائے قوم سے بے پناہ محبت اور عقیدت رکھتے ہیں اور انہوں نے قائداعظمؒ کے پورٹریٹس مکمل فنی ترفع کے ساتھ بنائے ہیں۔
ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل سلیم قیصر نے کہا کہ بابائے قوم کے افکار پر عمل کر کے ہم پاکستان کو ترقی کی عظیم منازل سے ہم کنار کر سکتے ہیں۔پورٹریٹ مقابلے کے ججز سید ضمیر ہاشمی، محمد اظہر اور عالمگیر کے فیصلے کے مطابق مسکان حسین نے پہلی پوزیشن، مریم نورین نے دوسری اور مبشر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فاتحین کو بالترتیب 30 ہزار، 25 ہزار اور 20 ہزار روپے (بشمول ٹیکس) کے چیک پیش کئے گئے ۔ دیگر شرکا کو پنجاب آرٹس کونسل ملتان ڈویژن کی جانب سے شرکت کے سرٹیفکیٹ اور ججز کو شیلڈ دی گئیں۔نمائش میں قائداعظم پورٹریٹ مقابلے کے امیدواروں کے والدین، طلبا اور میڈیا کے نمائندے بھی شریک ہوئے ۔