جال والا میں بوائز ڈگری کالج مکمل فعال ہو چکا :نوابزادہ افتخار

 جال والا میں بوائز ڈگری کالج مکمل فعال ہو چکا :نوابزادہ افتخار

کالج شاہ جمال، خانگڑھ اور روہیلانوالی کے سینٹر میں واقع ہے ، ایم این اے

مونڈکا (نامہ نگار )پیپلز پارٹی کے ایم این اے نوابزادہ افتخار احمد خان نے شاہ جمال میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ جال والا میں بوائز ڈگری کالج مکمل طور پر فعال ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کالج شاہ جمال، خانگڑھ اور روہیلانوالی کے سینٹر میں واقع ہے ، لیکن شہریوں کی سرد مہری کے سبب ابھی تک داخلے کم ہیں۔ نوابزادہ افتخار نے والدین سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو کالج میں داخل کرائیں تاکہ سٹاف کی تعیناتی اور کروڑوں کی لاگت سے تعمیر کی گئی عمارت کا مؤثر استعمال ہو۔

انہوں نے کرپشن کے حوالے سے میڈیا کے سوال پر کہا کہ آئی ایم ایف کی رپورٹ میں بیان کردہ 5300 ارب روپے کی کرپشن کی کہانیاں غلط ہیں، کیونکہ نیب نے یہ رقم ریکور کر کے قومی خزانے میں جمع کرا دی ہے ۔ پی آئی اے کی نجکاری پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے ادارے کے معیار اور آمدنی میں اضافہ متوقع ہے اور ٹیکس کی مد میں اربوں روپے کی بچت ہوگی۔نوابزادہ افتخار نے ملک کی معیشت کے بارے میں کہا کہ زر مبادلہ کے ذخائر 5 سے بڑھ کر 20 ارب ڈالر سے زائد ہو گئے ہیں، اور اسٹاک ایکسچینج نے تاریخ میں پہلی بار 30 ہزار پوائنٹس کے قریب پہنچا۔ انہوں نے بھارت کی دراندازی کا بھرپور جواب دینے اور عالمی سطح پر پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے پر بھی روشنی ڈالی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں