فلاور ایگزبیشن میں میپکو کا آگاہی کیمپ عوامی توجہ کا مرکز
شہریوں کو میپکو سمارٹ ایپ، ڈیجیٹل سروسز اور جدید سہولیات سے آگاہی
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان میں منعقدہ فلاور ایگزبیشن کے موقع پر میپکو کی جانب سے قائم کیا گیا آگاہی کیمپ عوام کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا۔ ایگزبیشن میں شریک شہریوں کی بڑی تعداد نے میپکو کے سٹال کا رخ کیا اور بجلی سے متعلق جدید سہولیات اور ڈیجیٹل سروسز کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔میپکو کے مستعد انجینئرز اور عملے نے شہریوں کو میپکو سمارٹ موبائل ایپلیکیشن، میٹر ریڈنگ کے جدید طریقہ کار اور کسٹمر فیسلیٹیشن سنٹرز میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر صارفین کو بتایا گیا کہ اب وہ گھر بیٹھے بجلی کے بل، میٹر ریڈنگ اور دیگر خدمات سے متعلق معلومات آسانی سے حاصل کر سکتے ہیں۔آگاہی کیمپ میں ایس ڈی او شمس آباد سب ڈویژن ملتان ملکہ عروج، ایکسین موسیٰ پاک ڈویژن معصب علی سلیمی اور ایڈیشنل ایکسین کسٹمر سروسز ملتان سرکل تاج محمود قمر نے شرکت کی۔ افسروں نے شہریوں کو جدید کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، آن لائن سروسز، میپکو سمارٹ ایپ اور دیگر ڈیجیٹل اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ ان سہولیات کا مقصد صارفین کو بروقت، شفاف اور معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔