ڈی جی خان، راجن پور میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن
میپکو، رینجرز اور پولیس کی کارروائی، 19ملزم گرفتار، ریکوری کر لی گئی
ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)، رینجرز اور پولیس پر مشتمل جوائنٹ فورسز نے ضلع ڈی جی خان اور راجن پور کے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بھرپور آپریشن کیا، جس کے دوران 19افراد کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ڈی جی خان سرکل اور ونگ کمانڈر رینجرز کی نگرانی میں ایکسین جامپور ڈویژن محمد علی تونیو اور ایس ڈی او جامپور سب ڈویژن کی سربراہی میں بستی چہار والا، بستی وڈو والا، بستی نور محمد، بستی بہادر، بستی بلوچ والا اور محمد پور شہر میں کارروائیاں کی گئیں۔ آپریشن کے دوران 14 بجلی چوروں اور نادہندگان کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا گیا۔
میپکو حکام کے مطابق 11 افراد کو بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، جن سے بجلی چوری میں استعمال ہونے والے تار اور میٹرز اتار کر قبضے میں لے لئے گئے ۔ ملزموں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لئے متعلقہ تھانوں کو درخواستیں ارسال کر دی گئی ہیں۔ اس کارروائی کے دوران رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے مجموعی طور پر 17 لاکھ روپے کے واجب الادا بجلی بلز بھی وصول کئے گئے ۔دوسری جانب ایس ڈی او غازی سب آفس ڈی جی خان کی ٹیم نے عمر والا کے علاقے میں علیحدہ آپریشن کیا۔ چیکنگ کے دوران پانچ افراد کو ڈائریکٹ کنڈی سسٹم کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ ان ملزموں کے خلاف بھی ایف آئی آر کے اندراج کے لئے درخواستیں متعلقہ پولیس اسٹیشن کو بھجوا دی گئی ہیں۔