بینولنٹ فنڈ کی یکمشت گرانٹ پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ

بینولنٹ فنڈ کی یکمشت گرانٹ  پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ

ملتان (خصوصی رپورٹر)حکومت نے سرکاری ملازمین کے لئے بینولنٹ فنڈ کی یکمشت گرانٹ کی ادائیگی پالیسی میں اہم تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

حکام نے قائمہ کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی، جس میں مجوزہ پالیسی کے مطابق ریٹائرمنٹ پر گریڈ 1 تا 10 کے ملازمین کو 5 لاکھ روپے ، گریڈ 11 تا 16 کے ملازمین کو 10 لاکھ روپے اور گریڈ 17اور اس سے اوپر کے افسران کو 15 لاکھ روپے یکمشت گرانٹ دینے کی تجویز پیش کی گئی۔قائمہ کمیٹی نے نئی پالیسی کے ممکنہ مالی اثرات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لے بینولنٹ فنڈ حکام کو 90 دن کی مہلت دی ہے ۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ اس دوران فنڈ کی مالی استعداد، وسائل اور مستقبل کی ذمہ داریوں کا جامع تجزیہ پیش کیا جائے تاکہ حتمی منظوری سے قبل مکمل معلومات موجود ہوں۔حکام کا کہنا ہے کہ مجوزہ تبدیلی کا مقصد ریٹائر ہونے والے ملازمین کو بہتر مالی سہولت فراہم کرنا اور موجودہ مہنگائی کے تناظر میں ان کی معاونت کرنا ہے ۔ بینولنٹ فنڈ حکام نے کہا ہے کہ تجویز کردہ گرانٹ پالیسی کے مالی اور انتظامی پہلوؤں پر تفصیلی مطالعہ جاری ہے اور حتمی منظوری جائزہ مکمل ہونے کے بعد دی جائے گی۔یہ پالیسی ریٹائر ہونے والے ملازمین کے مالی تحفظ کو مضبوط بنانے اور مستقبل میں ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے ایک مثبت اقدام تصور کی جا رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں