واسا کرپشن کیسز کے مدعی کے گھر مسلح افراد کا دھاوا

واسا کرپشن کیسز کے مدعی  کے گھر مسلح افراد کا دھاوا

ملتان (خصوصی رپورٹر)واسا میں مختلف منصوبوں میں ہونے والی کرپشن کے مقدمات کے مدعی ملک منیر ہانس کے گھر پر نامعلوم مسلح افراد نے دھاوا بولا۔ واقعہ شالیمار کالونی، خیرالمعارف روڈ، ماڈل ٹاؤن ٹی چوک میں اتوار کی صبح ساڑھے تین بجے پیش آیا۔

ہانس نے بتایا کہ حملہ آور نقاب پوش تھے اور اسلحہ سے لیس تھے ، اور انہوں نے دروازہ توڑنے کی کوشش کی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے ۔ملک منیر ہانس اور ان کے اہل خانہ نے فوری طور پر چھپ کر اپنی جان محفوظ کی۔ حملہ آور ہجوم سے خوفزدہ ہو کر ناردرن بائی پاس کی طرف فرار ہوگئے ۔ ہانس نے الزام لگایا کہ اگر ان یا ان کے اہل خانہ کو کچھ نقصان پہنچا تو عبدالسلام، سعید ڈوگر، عارف عباس اور عمر ظفر گرمانی اس کے ذمہ دار ہوں گے ۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈریں گے اور کرپشن کے خلاف تحقیقات میں ڈٹ کر تعاون کریں گے ۔ ہانس نے تحقیقاتی اداروں سے اپنی اور فیملی کی حفاظت کے لئے فوری اقدام کی اپیل بھی کی ہے ۔ملک منیر ہانس کے مطابق، یہ حملہ ان کی جدوجہد کو روکنے کی کوشش ہے ، تاہم وہ میگا کرپشن کیسز سے دستبردار نہیں ہوں گے اور حقائق منظر عام پر لانے کے لئے پرعزم ہیں۔ واقعہ کے بعد مقامی پولیس اور دیگر ادارے بھی معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں