ٹریفک حادثات :خاتون صحافی کی بیٹی جاں بحق، 10 مسافر زخمی

ٹریفک حادثات :خاتون صحافی کی بیٹی جاں بحق، 10 مسافر زخمی

تنزیلہ موٹرسائیکل سے گری تو ٹریکٹر ٹرالی نے کچل دیا،زخمی افراد ہسپتال منتقل

وہاڑی،میلسی (خبر نگار،نمائندہ خصوصی،نامہ نگار)وہاڑی میں دو مختلف ٹریفک حادثات میں ایک خاتون صحافی کی نوجوان بیٹی جاں بحق جبکہ دس مسافر شدید زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق چوک میتلا کے قریب لاہور کراچی سپر ہائی وے پر دو مسافر بسیں تیز رفتاری اور مقابلہ بازی کے دوران آپس میں ٹکرا گئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں دس مسافر زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ تین زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ عینی شاہدین نے حادثہ ڈرائیوروں کی غفلت اور تیز رفتاری کے باعث پیش آنے کی تصدیق کی۔دوسری جانب میلسی کے علاقے ڈھوڈہ روڈ پر سڑک پر نمی کے باعث موٹر سائیکل پھسل گئی جس سے نوجوان لڑکی تنزیلہ اعجاز سڑک پر گر گئی اور پیچھے سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی کے نیچے آ کر شدید زخمی ہو گئی۔ شدید زخمی حالت میں اسے تحصیل ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔ جاں بحق ہونے والی نوجوان لڑکی کی شناخت تنزیلہ اعجاز کے نام سے ہوئی جو خاتون صحافی رخسانہ اعجاز کی بیٹی تھیں۔دونوں حادثات کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ کر فوری امدادی کارروائیاں مکمل کرنے کے ساتھ ٹریفک کی روانی بحال کرنے میں بھی کامیاب ہو گئیں۔ شہریوں نے ڈرائیوروں کی لاپرواہی اور تیز رفتاری کے باعث پیش آنے والے حادثات پر تشویش کا اظہار کیا اور حکام سے حادثات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں