مہنگائی روکنے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز،پرائس کنٹرول ٹیمیں متحرک

مہنگائی روکنے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز،پرائس کنٹرول ٹیمیں متحرک

اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو سرکاری نرخوں پر برقرار رکھنے کے لئے بھرپور کریک ڈاؤن کے احکامات،ضلعی انتظامیہ ، پیرا فورس کی کارروائیوں سے عوام کو ریلیف فراہم کرنیکی یقین دہانی

ملتان (وقائع نگار خصوصی)ضلعی انتظامیہ نے مہنگائی کی روک تھام اور پرائس کنٹرول کے نفاذ کے لئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو سرکاری نرخوں پر برقرار رکھنے کے لئے بھرپور کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کئے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح قرار دی۔ڈپٹی کمشنر کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے جاری اقدامات، فیلڈ کارکردگی اور آئندہ کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دسمبر میں گراں فروشی میں ملوث 27 افراد کو گرفتار کیا گیا، 13 لاکھ 34 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، 45 ہزار سے زائد انسپکشنز کی گئیں، 5 مقدمات درج کئے گئے اور درجنوں دکانیں و گودام سیل کئے گئے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک رہیں اور بڑے گراں فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے ۔

انہوں نے پیرا فورس کے دفتر کا دورہ بھی کیا، جہاں افسروں نے تجاوزات کے خاتمے ، غیر قانونی قبضوں اور عوامی ریلیف سے متعلق اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تجاوزات اور غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رکھی جائیں اور کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پیرا فورس کے اس نئے ادارے سے عوام کی امیدیں وابستہ ہیں اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا اس فورس کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں