واسا ملتان کا پانی کے ضیاع کیخلاف سخت کریک ڈاؤن
عدالتی احکامات پر نئی واٹر کنزرویشن پالیسی نافذ، خلاف ورزی پر جرمانے
ملتان (وقائع نگار خصوصی)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملتان فیصل شوکت نے عدالتِ عالیہ کے احکامات کی روشنی میں شہر بھر میں پانی کے ضیاع کو روکنے اور زیرِ زمین پانی کے تیزی سے کم ہوتے ذخائر کے تحفظ کے لئے نئی واٹر کنزرویشن پالیسی پر فوری اور سختی سے عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ایم ڈی واسا فیصل شوکت نے کہا کہ پانی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے ، اس کا ضیاع نہ صرف قانونی جرم بلکہ اخلاقی اور دینی طور پر بھی ناقابلِ قبول ہے ۔ انہوں نے حدیثِ مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پانی کو ضائع نہ کیا جائے خواہ بہتی ندی کے کنارے ہی کیوں نہ ہوں۔ ایم ڈی واسا کے مطابق پہلی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا جائے گا، دوسری بار گھریلو صارف پر 10 ہزار جبکہ کمرشل صارف پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں واٹر سپلائی اور سیوریج کنکشن منقطع کر دیئے جائیں گے ۔