بشیر بلوچ نے قرآنِ پاک پر ہاتھ رکھ کر توبہ کرلی
مقامی معززین اور قانون دان کی موجودگی میں نیک زندگی گزارنے کا عہد
وہاڑی (نمائندہ خصوصی ) تھانہ صدر کے علاقہ سے تعلق رکھنے والے بشیر عرف بشیری بلوچ نے اپنے گاؤں کی مسجد میں معززینِ علاقہ، مقامی شہریوں اور سینئر قانون دان سردار قیصر گلزار بلوچ کی موجودگی میں اپنے سابقہ جرائم سے توبہ کر کے آئندہ نیک اور باقانون زندگی گزارنے کا عہد کیا۔اس موقع پر بشیر نے قرآنِ پاک پر ہاتھ رکھ کر حلف دیا اور بیانِ حلفی پیش کیا کہ وہ اب کسی چوری، ڈکیتی یا دیگر جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہوگا اور کسی جرائم پیشہ عناصر سے تعلق نہیں رکھے گا۔ مقامی معززین و شہریوں نے اس اقدام کو مثبت اور قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ دل سے توبہ کرنے والے افراد کو معاشرے میں دوبارہ باعزت مقام ملنا چاہیے ۔ انہوں نے پولیس اور حکام سے بھی درخواست کی کہ ایسے افراد کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔