ایمرجنسی وارڈ کے باہر وہیل چیئرز کی دستیابی یقینی بنانیکا حکم
الٹراساؤنڈ روم کے باہر مریضوں کے رش کو کم کیا جائے :ڈپٹی کمشنر خالد جاوید
وہاڑی (خبرنگار ،نمائندہ خصوصی ) ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور سروس ڈیلیوری، طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، مددگار کاؤنٹر کی کارکردگی اور ہسپتال میں صفائی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی کہ ایمرجنسی وارڈ کے باہر وہیل چیئرز کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنائی جائے اور الٹراساؤنڈ روم کے باہر مریضوں کے رش کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مریضوں سے ملاقات کر کے طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں بھی دریافت کیا اور کہا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ مریضوں کے ساتھ حسن سلوک کریں جبکہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی کو خاص اہمیت دی جائے۔ اس موقع پر ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر احمد نواز بھی موجود تھے۔