مظفرگڑھ میں بھی آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر احتجاجی ریلی

مظفرگڑھ میں بھی آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر احتجاجی ریلی

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)رہبر مسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ان کے خاندان کی امریکی و اسرائیلی حملے میں شہادت پر مظفرگڑھ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

ریلی شیعہ علماء کونسل مظفرگڑھ کی زیر اہتمام امام بارگاہ امامیہ سے پریس کلب تک ہوئی، جس میں سینکڑوں افراد شریک ہوئے ، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ۔ریلی میں شیعہ علماء کونسل، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، جماعت اسلامی، جماعت اہلسنت، ایم ڈبلیو ایم، انجمن تاجران، وفاق علماء شیعہ، پی ٹی آئی، آئی ایس او، پیپلز پارٹی اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ شرکاء نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تصاویر، احتجاجی بینرز اور کتبے اٹھائے اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف شدید نعرے لگائے ۔مقررین نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی ظالمانہ کاروائی امت مسلمہ کے لیے بڑا نقصان ہے اور حکومت پاکستان کو عوامی جذبات کا احترام کرتے ہوئے فوری سوگ کا اعلان اور عالمی سطح پر مذمت کرنی چاہیے ۔ انہوں نے برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی اور عالمی سطح پر اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔شرکاء نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے امریکہ اور اسرائیل اسلامی ممالک پر قبضہ جما رہے ہیں، لیکن آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت میں امت مسلمہ نے استعماری عزائم کے مقابلے میں ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ریلی میں مولانا اعجاز حسین شاکری، مولانا ہاشم عرفانی، سید اختر حسین بخاری، ڈاکٹر مرید عباس لغاری، پروفیسر افتخار ہاشمی اور دیگر نے خطابات کیے اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں