نوجوان نے فائرنگ کرکے دوست کو قتل کر ڈالا
غلام ربانی کا افضال گجر، جاوید نے گھر بلا کر مار ڈالا: بھائی ، مقدمہ درج
وہاڑی،گگومنڈی (نمائندہ خصوصی،نامہ نگار) نواحی گاؤں 267ای بی کے رہائشی ارشد محمود نے تھانہ گگومنڈی میں مقدمہ درج کراتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کے بھائی غلام ربانی عرف جاوید کو گزشتہ شب تقریباً 2 بجے افضال گجر، جاوید اور طارق پسران فضل محمد نے اپنے گھر بلا کر فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر ملزم افضال گجر کو گرفتار کر لیا اور مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔ ذرائع کے مطابق مقتول غلام ربانی روزانہ افضال گجر کے گھر جا کر اس کے ساتھ نشہ کرتا تھا۔ گزشتہ رات بھی نشہ کے دوران دونوں میں تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد افضال گجر نے غصے میں آ کر فائرنگ کر دی۔تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ اصل حقائق تفتیش کے بعد ہی سامنے آئیں گے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے اور شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے واقعات کے سدباب کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔