وہاڑی میں ٹمبر مافیا کے ہاتھوں درختوں کا قتل عام جاری
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) ساہوکا کے نواحی علاقے رکھ جملیرا راجباہ بیلی دلاور اور جملیرا روڈ کنارے ٹمبر مافیا اور فاریسٹ عملہ کے مبینہ گٹھ جوڑ کے باعث قیمتی درختوں کا قتل عام جاری ہے ۔
مقامی افراد نے بتایا کہ یہ درخت سرکاری ملکیت ہیں اور ان کی حفاظت محکمہ جنگلات کی ذمہ داری ہے ، مگر بعض اہلکاروں کی چشم پوشی یا ملی بھگت کے سبب درختوں کی کٹائی رکنے کا نام نہیں لے رہی۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ درختوں کی کٹائی سے نہ صرف ماحول متاثر ہو رہا ہے بلکہ نہری کناروں کی خوبصورتی اور ماحولیاتی توازن بھی خطرے میں ہے ۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو گرمی کی شدت اور ماحولیاتی آلودگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔شہریوں اور سماجی حلقوں نے سیکرٹری جنگلات، کمشنر ملتان، ڈی سی وہاڑی اور ڈی ایف او ساہیوال سے فوری نوٹس لینے اور کاٹے گئے درختوں کی شفاف انکوائری کر کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر اقدامات کے ذریعے نہری کنارے اور روڈز کی سائیڈ پر موجود درختوں کو بچانا ضروری ہے تاکہ علاقے کی ماحولیاتی حفاظت ممکن ہو سکے ۔