خواتین معاشرے میں مضبوط مقام حاصل کرچکیں،ارم بتول

خواتین معاشرے میں مضبوط مقام حاصل کرچکیں،ارم بتول

ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں انٹرنیشنل خواتین ڈے کے موقع پر ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

یہ دن ہر سال 8 مارچ کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے جس کا مقصد خواتین کی سماجی، معاشی، ثقافتی اور سیاسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور صنفی عدم مساوات کے مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے ۔یہ سیمینار ڈیپارٹمنٹ آف جینڈر سٹڈیز اور ڈیپارٹمنٹ آف اپلائیڈ سائیکالوجی کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانے ، مساوی مواقع فراہم کرنے اور معاشرے میں صنفی برابری کے فروغ کے لئے ضروری اقدامات پر روشنی ڈالنا تھا۔ تقریب کے آغاز میں پروفیسر ڈاکٹر ارم بتول اعوان نے مہمانانِ گرامی اور شرکاء کو خوش آمدید کہا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر محمد زبیر اقبال تھے ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں خواتین معاشرے میں پہلے کے مقابلے میں زیادہ مضبوط مقام حاصل کر چکی ہیں اور تعلیم، حکمرانی، سائنس اور عوامی خدمات سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کے حق میں بنائے گئے قوانین اور مختلف اصلاحات نے خواتین کو ان شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے ہیں ۔سیمینار کے دوران مقررین نے صنفی برابری اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے مختلف پالیسی تجاویز بھی پیش کیں۔ ان میں تعلیمی نظام کو صنفی حساس بنانا، خواتین کی سیاسی اور معاشی اداروں میں شرکت کو بڑھانا، خواتین کے خلاف تشدد اور امتیازی سلوک کے خلاف قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرانا اور میڈیا کے ذریعے آگاہی مہمات چلانا شامل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں