مختلف کارروائیوں میں دو ملزم زخمی حالت میں گرفتار
وہاڑی ،ماچھیوال(نمائندہ خصوصی،نامہ نگار) پولیس مقابلے میں ریکارڈیافتہ ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔
زخمی ملزم کی شناخت عمرحیات ولد فلک شیر ورک سکنہ جھال سیال کے نام سے ہوئی ہے جو ۸۱ سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور ایکٹوکریمنل ہے ، اس سے تیس بور پستول بھی برآمد کرلیا گیا،دیگر فرار ملزموں کی تلاش جاری ہے ۔دوسری طرف ناکا کے دوران فرار کے دوران موٹرسائیکل سے گر کر زخمی ہونے والا منشیات فروش بھی پکڑا گیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ ماچھیوال کی ٹیم ناکا بندی پوائنٹ پر موجود تھی کہ پل 19 ڈبلیو بی کے قریب ایک مشکوک شخص موٹر سائیکل پر آتا دکھائی دیا۔ پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا تو ملزم نے چکمہ دے کر پکھی موڑ کی جانب فرار ہونے کی کوشش کی۔فرار کے دوران تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل بے قابو ہو کر پختہ سڑک کے کنارے بنی برجی سے ٹکرا گئی جس سے ملزم زخمی ہو گیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔ ریکارڈ کی پڑتال پر زخمی ملزم کی شناخت جاوید ولد غلام رسول قوم ڈھڈی سکنہ 23 ڈبلیو بی کے نام سے ہوئی جو منشیات کے 11 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ نکلا۔