کوٹ ادو :ریلوے سٹیشن غربی سائیڈ کا سیوریج سسٹم تباہ

کوٹ ادو :ریلوے سٹیشن غربی سائیڈ کا سیوریج سسٹم تباہ

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ریلوے سٹیشن کوٹ ادو کی غربی سائیڈ پر گڑھوں میں کھڑا سیوریج کا پانی علاقہ مکینوں کیلئے مسائل کا باعث بنا ہوا ہے ۔

عرصہ دراز سے جمع گندا پانی جوہڑ کی شکل اختیار کر چکا تھا جس سے مکھی مچھر کی بہتات اور زیر زمین پانی آلودہ ہونے کے باعث قریبی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ مقامی افراد کے مطابق آلودہ پانی کے استعمال سے خواتین، مرد، بچے اور بزرگ پیٹ کے مختلف امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔آبادی کی سہولت کیلئے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے سیوریج سکیم مکمل کر کے فعال کر دی جس سے علاقے کے لوگوں کو کچھ ریلیف ملا ہے ۔ بعد ازاں واسا کی جانب سے جوہڑ اور سڑک کے قریب عارضی نالہ بنا دیا گیا جس کے ذریعے سیوریج کا پانی براہ راست سیوریج لائن میں جانے لگا اور جوہڑ میں کھڑا پانی کافی حد تک ختم ہو گیا۔ تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ عارضی انتظام مستقل حل نہیں۔ بارشوں کے موسم میں خدشہ ہے کہ عارضی نالہ بہہ جائے گا اور دوبارہ گڑھوں میں پانی جمع ہونے سے متعلقہ محکموں کی محنت ضائع ہو سکتی ہے ۔علاقہ مکینوں رانا کامران صدیق، منیر احمد خان دستی، ملک اشتیاق اور دیگر نے ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بیرسٹر بلال سلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ذریعے کچرا اور مٹی ڈال کر گڑھوں کو مکمل طور پر بھر دیا جائے اور بیوٹیفیکیشن پلان کے تحت یہاں گرین بیلٹ قائم کی جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں