عالمی یومِ زیرو ویسٹ پر خصوصی آگاہی مہم کا انعقاد
ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان ڈویژن میں عالمی یومِ زیرو ویسٹ کے موقع پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہریوں میں صفائی اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کیلئے خصوصی آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔۔
مہم کے دوران شہر کے مختلف علاقوں، بالخصوص مصروف مارکیٹوں، فوڈ اسٹریٹس، ہوٹلوں اور دکانوں پر شہریوں کو فوڈ ویسٹ میں کمی اور مناسب تلفی کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔اس موقع پر ستھرا پنجاب پروگرام اور اینٹی لٹرنگ مہم کے تحت شہر کو زیرو ویسٹ کے تصور کی جانب گامزن کرنے کیلئے عملی اقدامات کو بھی اجاگر کیا گیا۔ ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرز نے نالیوں کی صفائی اور سڑکوں کی مکینیکل سویپنگ کا عمل جاری رکھا تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملتان عابد حسین بھٹی نے کہا کہ ماحول کے تحفظ کیلئے اجتماعی کاوشیں ناگزیر ہیں اور ہر شہری کو صفائی کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کوڑا کرکٹ میں کمی، ری سائیکلنگ کے فروغ اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کے ذریعے ایک صاف، صحت مند اور پائیدار معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ زیرو ویسٹ مشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے گھروں، گلیوں، بازاروں اور عبادت گاہوں کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ چھوٹے چھوٹے اقدامات ہی بڑے مثبت نتائج کا سبب بنتے ہیں۔