کمشنر کا پارکو کی سکیورٹی ہر صورت یقینی بنانے کا حکم

 کمشنر کا پارکو کی سکیورٹی ہر صورت یقینی بنانے کا حکم

تیل چوری کے خلاف سخت کارروائی ،سکیورٹی اقدامات موثر بنانے کی ہدایت

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نامہ نگار) کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے ریجنل پولیس آفیسر اظہر اکرم کے ہمراہ پارکو قصبہ گجرات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بیرسٹر بلال سلیم، ڈی پی او قمر منصور اور دیگر اعلیٰ ضلعی افسران بھی موجود تھے ۔ دورے کے دوران آئل سٹی قصبہ گجرات کی سکیورٹی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بعد ازاں اعلیٰ سطح اجلاس میں کمشنر نے کہا کہ قصبہ گجرات اور ملحقہ علاقوں کی ترقی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے پارکو کی سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنانے پر زور دیا۔ اجلاس میں صاف پانی فلٹریشن پلانٹس، تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن، ٹراما سینٹر، سڑکوں کی تعمیر، ریسکیو سروسز اور آئی ٹی لیب سمیت منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ آر پی او نے تیل چوری کے خلاف سخت کارروائی اور سکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔۔ اجلاس میں قصبہ گجرات آئل کلسٹر کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے ، نگرانی کے نظام، داخلی و خارجی راستوں کی مانیٹرنگ اور حساس تنصیبات کے تحفظ پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء کو موجودہ سکیورٹی اقدامات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ادارے باہمی رابطہ مزید بہتر بنائیں اور سکیورٹی پلان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں