جعلی حکیموں اور غیر رجسٹرڈ دواخانوں کیخلاف کارروائی
کینال ویو اور سنانواں میں چھاپے ، دواخانے سیل، ادویات لیبارٹری ارسال
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بیرسٹر بلال سلیم کی ہدایت پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد رضا اور ڈرگ انسپکٹر حسن حبیب نے اسپیشل برانچ ٹیم اور پولیس کے ہمراہ کوٹ ادو اور سنانواں میں غیر رجسٹرڈ دواخانوں اور جعلی حکیموں کے خلاف کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران کینال ویو ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع سلطان دواخانہ (حکیم اقبال) کو پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن سے رجسٹریشن نہ ہونے پر سیل کر دیا گیا جبکہ مختلف غیر رجسٹرڈ ادویات اور معجونیں تحویل میں لے کر ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھجوا دی گئیں۔ اسی طرح سنانواں کے القادر پلازہ میں قائم کامل ہربل دواخانہ پر بھی کارروائی کی گئی جہاں غیر قانونی پریکٹس اور غیر مجاز حکیم کی نشاندہی ہوئی۔ ادویات کے نمونے جانچ کے لیے بھیجے گئے ۔ حکام نے واضح کیا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی جاری رہے گی۔