پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ، عوام کسان شدید مشکلات کا شکار
ٹرانسپورٹ کرایے اور زرعی اخراجات میں نمایاں اضافہ ، ریلیف کا مطالبہ
میلسی (نامہ نگار ) حکومتِ پاکستان کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے شہریوں اور کسانوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ کرایوں اور روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ، جس سے عام شہری کا گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہوا ہے ۔ اس حوالے سے سیاسی و سماجی رہنما میاں غوث اقبال قاضی ایڈووکیٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی سے متاثر عوام پر مزید بوجھ ڈالنا قابل قبول نہیں۔ ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے کسان طبقہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے جس سے زرعی پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ بڑھتی مہنگائی پر قابو پایا جا سکے ۔