پٹرولیم قیمتوں کے خلاف تاجر وں کا بھرپور احتجاج
پولیس ، انتظامیہ کی ایک ہفتے میں پٹرولیم قیمتوں میں کمی کی یقین دہانی
ملتان (لیڈی رپورٹر)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بجلی بلوں میں فکسڈ ٹیکس کے خلاف ملتان شہر سمیت جنوبی پنجاب بھر میں احتجاج ہوا۔ تاجر برادری نے پولیس کے دباؤ، دھمکیوں اور گھروں پر چھاپوں کے باوجود بھرپور شرکت کرتے ہوئے احتجاج کو کامیاب بنایا۔اس موقع پر بزرگ تاجر رہنما خواجہ محمد شفیق، صدر چیمبر آف سمال ٹریڈرز جنوبی پنجاب چودھری طارق کریم، جنرل سیکرٹری شیخ عامر سلیم، شیخ طاہر امجد، مرزا اعجاز علی، ظفر اقبال صدیقی، طاہر ڈوگر، احتشام الحق، خواجہ یاسر اشفاق اور شہر عزیز الرحمن انصاری نے تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا۔رہنماؤں نے کہا کہ تاجروں نے ہر قسم کے دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کی۔ پولیس افسروں اور مقامی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایک ہفتہ کے اندر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی اور حالات میں بہتری لائی جائے گی۔تاجروں نے اعلان کیا کہ احتجاجی تحریک فی الحال ایک ہفتہ کے لئے موخر کی جا رہی ہے ، لیکن وعدوں پر عمل نہ ہونے کی صورت میں دوبارہ بھرپور احتجاج شروع کیا جائے گا اور تاجر برادری اس کے لئے تیار ہے ۔