پاکستان کی سفارتکاری سے خطہ بڑی جنگ سے بچا،سیاسی رہنما
مونڈکا (نامہ نگار)مختلف سیاسی رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سفارتی میدان میں عزت و وقار کے ساتھ اپنا مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔۔۔
اور حالیہ کشیدگی کے دوران خطے کو بڑی جنگ سے بچانے میں پاکستانی قیادت نے اہم کردار ادا کیا۔ان خیالات کا اظہار ایم این اے نوابزادہ افتخار احمد خان، ایم پی اے سردار عون حمید ڈوگر، پیپلز پارٹی کے رہنما نوابزادہ عمران احمد خان اور میاں نوید اصغر مکول نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی رہنمائی میں وزیراعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے بہترین حکمت عملی اپناتے ہوئے خطے کو جنگ کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھا۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اگر جنگ شدت اختیار کرتی تو مشرق وسطیٰ کے ساتھ پاکستان بھی شدید متاثر ہوتا، جبکہ پہلے ہی ملک مہنگائی اور معاشی مشکلات کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کو جنگ سے دور رکھنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے اور دوست ممالک کا اعتماد بھی بڑھا ہے ۔ رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ اس سفارتی کامیابی کے بعد ملک میں مہنگائی اور توانائی بحران میں بھی کمی آئے گی اور حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔