بہترین سفارتکاری سے عالمی کشیدگی میں کمی،نذیرآرائیں

بہترین سفارتکاری سے عالمی کشیدگی میں کمی،نذیرآرائیں

جنگ بندی پر عالمی سطح پر کردار کو سراہا جا رہا ہے ، لیگی رہنما وسابق ممبر قومی اسمبلی

گگو منڈی (نامہ نگار)مسلم لیگ ن کے رہنما وسابق ایم این اے چودھری نذیر احمد آرائیں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی کامیاب سفارت کاری کے باعث عالمی کشیدگی میں نمایاں کمی آئی ہے اور دنیا ایک بڑے تصادم سے محفوظ رہی ہے ۔انہوں نے ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں کمی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سول اور عسکری قیادت کی دور اندیش حکمت عملی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں پاکستان نے اہم سفارتی کردار ادا کیا اور فریقین کو مسلسل رابطے میں رکھا تاکہ صورتحال مزید خراب نہ ہو۔

چودھری نذیر احمد آرائیں نے کہا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب خلیجی ممالک پر جنگ کے سائے منڈلا رہے تھے اور دنیا بھر میں خوف کی فضا قائم ہو گئی تھی، تاہم پاکستانی قیادت نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی قیادت سے رابطے کیے اور مذاکرات کی راہ ہموار کی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی کوششوں کے باعث نہ صرف کشیدگی میں کمی آئی بلکہ عالمی سطح پر ملک کا وقار بھی بلند ہوا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے فریقین مستقل امن کی طرف بڑھیں گے اور خطے میں استحکام پیدا ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں