وہاڑی :مارچ میں جرائم کی شرح میں 70فیصد تک کمی ریکارڈ

وہاڑی :مارچ میں جرائم کی شرح میں 70فیصد تک کمی ریکارڈ

سرقہ بالجبر 66 ، مویشی چوری 28 ،وہیکل چوری میں 70 فیصد کمی ہوئی، ڈی پی او

وہاڑی(نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ پولیس نے مارچ 2026ء کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جرائم کے گراف میں واضح کمی واقع ہوئی ہے ۔ ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال کی قیادت میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں، جس کے نتیجے میں سرقہ بالجبر میں 66 فیصد، وہیکل چوری میں 70 فیصد اور مویشی چوری میں 28 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔مارچ 2026ء کے دوران ڈکیتی اور کار چوری کے کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوئے ۔ پولیس نے 212 پراپرٹی کے مقدمات ٹریس کر کے 64 لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ اصل مالکان کو واپس کیا، جبکہ 6 گینگز کے 14 ارکان سے 26 لاکھ روپے مالیت کی اشیاء برآمد ہوئیں، جن میں موٹرسائیکل، موبائل فون، مویشی اور طلائی زیورات شامل تھے ۔اس کے علاوہ 361 اشتہاری مجرمان گرفتار کیے گئے ، منشیات کے 162 مقدمات درج ہوئے اور 33 کلوچرس، 1160 گرام ہیروئن، 4 کلو افیون، 7 کلو آئس، 26 چالو بھٹیاں اور 6573 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ ناجائز اسلحہ کے خلاف 79 مقدمات درج کر کے کلاشنکوف، رائفل، بندوقیں، ریوالور، پسٹل اور سینکڑوں گولیاں برآمد کی گئیں۔ڈی پی او نے شہریوں سے اپیل کی کہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوراً پولیس کو دیں تاکہ جرائم کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں