خانیوال،پیپلز کالونی میں سیوریج کا پانی جمع، مکینوں کو مشکلات

خانیوال،پیپلز کالونی میں سیوریج کا پانی جمع، مکینوں کو مشکلات

شہری بدبو، تعفن اور موذی بیماریوں کے خدشات کیساتھ فوری اقدامات کے متقاضی

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)شہر کی گنجان آبادی پیپلز کالونی زیڈ بلاک میں سیوریج کا پانی عرصہ سے کھڑا ہونے کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق متعدد بار متعلقہ اداروں کو شکایات کے باوجود تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے گلیوں اور سڑکوں پر بدبودار پانی جمع ہے اور آمد و رفت مشکل ہو گئی ہے ۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ بچے ، بزرگ اور خواتین اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، اور سیوریج کے پانی کے قریب رہنے سے ماحول انتہائی آلودہ ہو چکا ہے ۔ تعفن اور بدبو کی وجہ سے سانس لینا بھی دشوار ہو گیا ہے ۔ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ڈینگی، ملیریا اور دیگر موذی بیماریاں پھیلنے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے ۔مقامی افراد نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ کی غفلت کے باعث مسئلہ سنگین صورت اختیار کر چکا ہے ۔ کئی دنوں سے کھڑا گندا پانی مچھروں کی افزائش میں اضافہ کر رہا ہے ، جس کی وجہ سے طلبہ اور ملازمت پیشہ افراد اپنے روزمرہ کے معمولات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔شہریوں نے فوری طور پر سیوریج لائن کی صفائی اور پانی کی نکاسی کا مطالبہ کیا ہے اور کمشنر ملتان سے نوٹس لینے کی اپیل بھی کی ہے تاکہ عوام کو لاحق خطرات سے بچا جا سکے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں