خانیوال :جعلی فروٹ ڈرنکس یونٹ بے نقاب، مالک گرفتار

خانیوال :جعلی فروٹ ڈرنکس یونٹ بے نقاب، مالک گرفتار

کبیروالا میں چھاپہ، 150لٹر مضر مشروبات ضبط، مقدمہ درج، پروڈکشن بند

 ملتان ،خانیوال(لیڈی رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے خانیوال میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی فروٹ ڈرنکس تیار کرنے والا یونٹ بے نقاب کر دیا۔ کبیروالا کے علاقے عید گاہ 12 میل کے قریب جوس پروڈکشن یونٹ پر چھاپہ مارا گیا جہاں بغیر پھلوں کے تیار مشروبات کو فروٹ ڈرنک ظاہر کر کے فروخت کیا جا رہا تھا۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران مشہور برانڈ سے مشابہ جعلی فروٹ ڈرنکس تیار کرنے کا انکشاف ہوا، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے 150 لٹر تیار مضر صحت مشروبات ضبط کر لئے گئے اور یونٹ کی پروڈکشن بند کر دی گئی۔ترجمان کے مطابق ملزم رمضان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اسے موقع سے گرفتار بھی کر لیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یونٹ بغیر لائسنس کام کر رہا تھا اور مصنوعی اجزاء کے ذریعے فلیور ڈرنکس تیار کر کے انہیں فروٹ ڈرنک کے نام سے فروخت کیا جا رہا تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ پروڈکشن ایریا میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے جبکہ ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس اور فوڈ سیفٹی سے متعلق بنیادی تقاضے بھی پورے نہیں کئے جا رہے تھے ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ شہریوں کو مضر صحت خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی اور پنجاب بھر سے جعل ساز مافیا کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں