ڈی سی کا ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، سڑکوں ، بیوٹیفکیشن کا جائزہ
ڈسٹ فری سڑک ، چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کی بلڈنگ کی تعمیراتی پیشرفت کا معائنہ
وہاڑی(خبر نگار،نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے شہر میں جاری ترقیاتی سکیموں کا دورہ کیا اور وہاڑی ملتان روڈ کے اطراف ٹف ٹائلز لگانے اور چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کی بلڈنگ کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق وہاڑی ملتان روڈ کو پنجاب کی پہلی ڈسٹ فری سڑک بنایا جا رہا ہے ۔ وہاڑی تا چوک میتلا تک ڈبل کیرج وے کی تعمیر پر 15 ارب روپے لاگت آئے گی اور سڑک کے اطراف کلر فل ٹف ٹائلز لگائی جائیں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے ۔چائلڈ پروٹیکشن یونٹ پیر مراد کی بلڈنگ کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے اور اسے جلد فعال کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد افضال، ایکسین ہائی وے عمیر لطیف اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔دریں اثناء، ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت شہر کی بیوٹیفکیشن کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریل بازار اور گول چوک کی بیوٹیفکیشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ڈپٹی کمشنر نے کام کی رفتار بڑھانے کی ہدایت کی۔ بتایا گیا کہ 15 کروڑ روپے کی لاگت سے ریل بازار اور گول چوک کی بیوٹیفکیشن جاری ہے ، جس سے شہریوں کو خوبصورت اور دیدہ زیب ماحول میسر آئے گا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد افضال اور ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز میاں نعیم عاصم سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔