ادارے کی سیلف انکم پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، وسیم حسن

 ادارے کی سیلف انکم پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، وسیم حسن

مقررہ وقت میں ادائیگی نہ کرنے والے ٹھیکیدار بلیک لسٹ کئے جائیں

ملتان (وقائع نگار خصوصی)ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان سید وسیم حسن نے کہا ہے کہ ادارے کی سیلف انکم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ریکوری اہداف ہر صورت یقینی بنائے جائیں گے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو ٹھیکیدار مقررہ مدت میں ادائیگی نہیں کرتے ، انہیں بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے کی تنخواہوں سے متعلق دیرینہ مسئلہ حل کر دیا گیا ہے اور جون تک تنخواہوں کی بروقت فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے بتایا کہ آٹھ نمبر چونگی پر مٹی کی بھرائی اور گھاس لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ اس مقام پر خوبصورت شجرکاری بھی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرین بیلٹس اور پارکوں کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس محمد ندیم ملک اور ڈائریکٹر ہارٹی کلچر سعد قریشی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ایم ڈی ہارٹی کلچر نے مزید کہا کہ پارکوں اور گرین بیلٹس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور سات نمبر و آٹھ نمبر گرین بیلٹس کی ازسرنو بحالی جاری ہے ۔ شہر کے پارکوں کو بہتر سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو معیاری تفریحی ماحول فراہم کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی پبلسٹی کے خلاف کارروائی کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ ادارے کی سیلف انکم میں اضافے کے لئے بھی مؤثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں