سیوریج نظام کی بہتری کیلئے ہنگامی اقدامات کا آغاز

 سیوریج نظام کی بہتری کیلئے ہنگامی اقدامات کا آغاز

ملتان (وقائع نگار خصوصی)واسا ملتان شہریوں کو بہتر سیوریج سہولیات کی فراہمی کے لئے دن رات کوشاں ہے ۔ مون سون سیزن کی آمد کے پیش نظر سیوریج نظام کی بہتری اور نکاسی آب کو مؤثر بنانے کے لئے خصوصی اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں۔

قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر واسا ذیشان شوکت گوندل کی ہدایات پر شہر بھر میں سیوریج لائنوں کی صفائی کے لئے دن اور رات کے اوقات میں خصوصی ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔ سیوریج سب ڈویژنز کی سطح پر جاری اس مہم کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ ڈسپوزل اسٹیشن ڈویژن کو نالوں کی ڈی سلٹنگ کا خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے ۔ایم ڈی واسا نے ہدایت کی ہے کہ رات کے اوقات میں صفائی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے ۔ انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹرز انجینئرنگ کو صفائی مہم کی کڑی نگرانی اور کارکردگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے ڈی سلٹنگ کرنے والے ورکرز کی حفاظت کو ترجیح دیتے ہوئے خصوصی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اس سلسلے میں سورج میانی ویسٹ واٹر سلج کیریئر کی ڈی سلٹنگ کا آپریشن بھی جاری رکھا گیا۔ایم ڈی واسا کو ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب جاری ڈی سلٹنگ آپریشن کی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی اور افسران کو صفائی مہم مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں