پیپلز کالونی میں گندے پانی کا جوہڑ، زہریلی سبزیاں اگنے لگیں

پیپلز کالونی میں گندے پانی کا جوہڑ، زہریلی سبزیاں اگنے لگیں

سیوریج ناکارہ، مبینہ ملی بھگت سے پانی جمع، شہریوں کا فوری کارروائی کا مطالبہ

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) پیپلز کالونی زیڈ بلاک میں سیوریج سسٹم کی خرابی کے باعث گندے پانی کا جوہڑ بن گیا جہاں مبینہ طور پر اسی آلودہ پانی سے سبزیاں اگا کر مارکیٹ میں فروخت کی جا رہی ہیں، جس پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔تفصیلات کے مطابق مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں سیوریج لائن موجود ہونے کے باوجود پانی کی نکاسی نہیں کی جا رہی بلکہ مبینہ طور پر ڈسپوزل عملے کی ملی بھگت سے گندا پانی ایک جگہ جمع کر کے جوہڑ بنا دیا گیا ہے تاکہ قریبی زمینوں کو پانی فراہم کیا جا سکے۔

اہل علاقہ کے مطابق اس صورتحال کے باعث علاقے میں شدید تعفن اور مچھروں کی بہتات ہو گئی ہے جبکہ زیر زمین پینے کا پانی بھی آلودہ ہونے کا خدشہ ہے ۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ معمولی مفاد کے لیے عوامی صحت کو خطرے میں ڈالا جا رہا ہے ۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، ڈپٹی کمشنر خانیوال اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر سیوریج سسٹم بحال کیا جائے اور مبینہ طور پر ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں