فوڈ اتھارٹی کا آپریشن ، ملاوٹی مصالحے ، ناقص گوشت برآمد ، جرمانے

 فوڈ اتھارٹی  کا آپریشن ، ملاوٹی مصالحے ، ناقص گوشت برآمد ، جرمانے

کبیر والا میں سٹور پر چھاپہ، 3من ملاوٹ شدہ مصالحہ جات، سرائے سدھو میں رکشے سے 3من بیمار غیر محفوظ گوشت برآمد، 3ملزموں کیخلاف مقدمات درج، رکشہ ضبط

ملتان (لیڈی رپورٹر )پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبے بھر میں صحت دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیاہے ۔ کبیروالا میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے دو مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے شہریوں کیلئے مضر صحت خوراک کو تلف کر دیا۔تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے محلہ بھٹو والا میں ایک مصالحہ جات سٹور پر چھاپہ مار کر 3 من سے زائد ملاوٹی مصالحہ جات برآمد کر لئے یہ کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب سرخ مرچوں کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ میں فیل قرار پائے گئے اور ان میں مضر صحت رنگ کی ملاوٹ ثابت ہوئی۔ فوڈ اتھارٹی ٹیم نے تمام مصالحہ جات موقع پر تلف کر دیئے۔

دوسری جانب سرائے سدھو میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایک لوڈر رکشہ کو روک کر چیک کیا جس میں ذبح شدہ بیمار جانور لے جایا جا رہا تھا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ساڑھے 3 من بیمار اور غیر محفوظ گوشت برآمد ہوا، جسے فوری طور پر تلف اور لوڈر رکشہ کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔دونوں کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 3 ملزموں کے خلاف مقدمات کا اندراج ہوا۔اس موقع پرڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا ہے کہ ملاوٹ اور جعل سازی میں ملوث عناصر کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں