مارکیٹوں کی جلد بندش سے کاروبار متاثر،عبدالرحمن

مارکیٹوں کی جلد بندش سے کاروبار متاثر،عبدالرحمن

حکومت تاجروں کے مسائل سنے ، پالیسی سازی میں مشاورت کرے ،خطاب

ملتان (لیڈی رپورٹر)انجمن تاجران سیداں والی بائی پاس بوسن روڈ کے زیر اہتمام حکومت کی جانب سے مارکیٹیں جلد بند کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت صدر رانا عبد الرحمن اور عارف فصیح اللہ نے کی۔مظاہرین نے بوسن روڈ پر ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی اور شدید نعرے بازی کی، جبکہ تاجروں نے یکجہتی کے اظہار کے لئے دکانیں بند رکھیں۔ احتجاج کے باعث علاقے میں کاروباری سرگرمیاں معطل اور ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔احتجاج میں جنرل سیکرٹری رانا وقاص، نائب صدر مرزا فرخ، چودھری محمد بوٹا، عمران پراچہ، محمد امجد، حافظ جمشید اور محمد جاوید سمیت بڑی تعداد میں تاجروں نے شرکت کی۔

شرکاء نے حکومتی پالیسی کو معاشی سرگرمیوں کے لئے نقصان دہ قرار دیا۔صدر انجمن تاجران رانا عبد الرحمن نے کہا کہ مارکیٹوں کی قبل از وقت بندش سے کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے اور مزدور طبقہ بھی مشکلات کا شکار ہے ۔ حکومت تاجروں کے مسائل سنے اور پالیسی سازی میں مشاورت کرے ۔عارف فصیح اللہ نے کہا کہ احتجاج جائز حقوق کے حصول کے لئے ہے ۔ چھوٹے کاروبار پہلے ہی مہنگائی سے متاثر ہیں، ایسے میں جلد بندش مزید مشکلات پیدا کر رہی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فیصلے پر نظرثانی کرے ، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں