بنیان المرصوص عسکری صلاحیتوں کا اظہار،خواجہ یوسف
پاک فضائیہ نے دشمن کو ہر محاذ پر شکست فاش دی، تقریب سے خطاب
ملتان (کرائم رپورٹر)دعوت ذکر و فکر ڈیرہ اللہ ہو والا کے زیر اہتمام مل صادق آباد خانیوال روڈ پر ماہانہ محفل پاک بسلسلہ معرکہ حق ‘‘بنیان مرصوص’’ اور میلاد مصطفی ﷺ کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت امیر دعوت ذکر و فکر پاکستان خواجہ محمد یوسف نقشبندی نے کی۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق ‘‘بنیان مرصوص’’ کی پہلی سالگرہ پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاک سرزمین کی حفاظت ایک مقدس فریضہ ہے اور افواج پاکستان قوم کا قابل فخر اثاثہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے دنیا بھر میں پاکستان کی عسکری صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
اس آپریشن سے بھارت کی سیاسی و عسکری قیادت سمیت عالمی ماہرین بھی حیرت میں مبتلا ہوئے ۔خواجہ محمد یوسف نقشبندی نے کہا کہ پاک فضائیہ اور بری افواج نے دشمن کو ہر محاذ پر ناکامی سے دوچار کیا۔ پاکستانی افواج کی کامیابی ایمانی قوت اور پیشہ ورانہ مہارت کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے ۔تقریب کے آخر میں ملک کی سلامتی، استحکام اور فلسطینی مسلمانوں کی آزادی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔