میپکو کا نادہندگان، بجلی چوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن
90 لاکھ واجبات پر کنکشن منقطع، ٹرانسفارمرز اور سولر انورٹرز بھی اتارلئے
ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)ریجن میں ڈسکو سپورٹ یونٹ میں شامل فورسز کا بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔ بونگا حیات، پاکپتن میں زرعی ٹیوب ویل ڈیفالٹرز کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے 90 لاکھ 70 ہزار روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 13 نادہندہ کاشتکاروں کے کنکشن منقطع کر دیئے گئے ۔سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ساہیوال سرکل ناصر محمود فانی اور رینجرز ونگ کمانڈر کی نگرانی میں بونگا حیات سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی گئی۔ایکسین پاکپتن ڈویژن شفیق احمد اور ایس ڈی او بونگا حیات سب ڈویژن محمد سعید کی سربراہی میں ٹیموں نے 5 نادہندہ زرعی ٹیوب ویلوں کے کنکشن منقطع کرکے ٹرانسفارمرز قبضے میں لے لئے جبکہ 8ڈیفالٹر کاشتکاروں کے سولر انورٹرز بھی اتار لئے گئے ۔آپریشن کے دوران محلہ شاہد نگر میں ایک صارف بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ میپکو ٹیم نے اس کا کنکشن منقطع کرکے تنصیبات اتار لیں جبکہ مقدمہ درج کرانے کیلئے درخواست بھی متعلقہ تھانے کو ارسال کر دی گئی۔