وہاڑی میں ریونیو اہداف اور کنڈونیشن فیس معاملات کا جائزہ
ڈپٹی کمشنر کی واجبات جلد وصول کرنے اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت ریونیو ریکوری اور ڈسٹرکٹ پرائس اسسمنٹ کمیٹی کے اہم اجلاس منعقد ہوئے جن میں ریونیو اہداف، سرکاری اراضی و دکانوں کی لیز، وانڈہ جات اور کنڈونیشن فیس سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ریونیو افسران کی کارکردگی اور مالی سال 2025-26ء کے اہداف پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ ریونیو ریکوری کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور مشترکہ کھاتہ جات و میوٹیشن سے متعلق مسائل جلد حل کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری واجبات کی بروقت وصولی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور اس سلسلہ میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مالی سال 2025-26ء کیلئے مقرر کردہ 3 ارب 14 کروڑ روپے کے ہدف میں سے اب تک ایک ارب 69 کروڑ روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔ بعدازاں ڈسٹرکٹ پرائس اسسمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے 10 پٹرول پمپس اور ایک رائس مل کی کنڈونیشن فیس کا ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ ویلیو کے مطابق شفاف اور میرٹ پر فیس مقرر کی جائے گی۔ اجلاسوں میں بابر سلیمان، انعم اکرم، جواد حسین، سعد بن خالد اور دیگر افسران بھی شریک تھے ۔