یوم عرفہ اللہ کی کبریائی بیان کرنے کا دن، شجاع الدین
امت کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے دعائیں کی جائیں، خصوصی پیغام
ملتان (کرائم رپورٹر)تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ یوم عرفہ دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے انتہائی بابرکت دن ہے ، اس موقع پر حجاج کرام امت مسلمہ کی عظمت رفتہ کی بحالی اور مظلوم مسلمانوں کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عازمین حج یوم عرفہ کی بابرکت ساعتوں میں اللہ تعالیٰ کی کبریائی بیان کرتے اور اپنے گناہوں کی معافی طلب کرتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام عازمین حج کی حاضری قبول فرمائے اور انہیں دنیا و آخرت کی بھلائیوں سے نوازے ۔ شجاع الدین شیخ نے کہا کہ دنیا بھر سے مسلمان رنگ، نسل اور زبان کے فرق کے بغیر مکہ مکرمہ میں جمع ہو کر مناسک حج ادا کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو دعا کے ساتھ عملی اقدامات کی بھی ضرورت ہے کیونکہ غزہ، مغربی کنارے ، لبنان، مقبوضہ کشمیر اور میانمار کے مسلمانوں پر مظالم جاری ہیں جبکہ ایران بھی امریکی دھمکیوں کی زد میں ہے ۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیشتر مسلم ممالک عالمی طاقتوں کے خلاف آواز بلند کرنے سے بھی گریزاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کی ذلت کی بنیادی وجہ اللہ اور رسول ﷺ کے احکامات سے دوری اور اسلامی نظامِ عدل کا فقدان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوم عرفہ کا اصل پیغام اتحادِ امت اور نظامِ اسلام کے نفاذ کیلئے جدوجہد کرنا ہے ۔