بہاولپورریجن:فول پروف سکیورٹی انتظامات ،4215اہلکار تعینات
منچن آباد (نامہ نگار)بہاولپور ڈویژن میں عیدالاضحی کے موقع پر ریجن بہاولپور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے ۔۔۔
فول پروف انتظامات مکمل کر لئے گئے ۔ بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان اضلاع میں مجموعی طور پر 1231مساجد و عیدگاہوں جبکہ 6اوپن مقامات پر نمازِ عید ادا کی جائے گی، جہاں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔سکیورٹی ڈیوٹی کیلئے ریجن بھر میں مجموعی طور پر 4215 پولیس افسر و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جن میں سینئر افسر، انسپکٹرز، سب انسپکٹرز، اے ایس آئیز، ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹیبلز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 256 کیو آر ایف اہلکار، 104 سرویلنس ڈیوٹی اور 385 ٹریفک پولیس اہلکار بھی فرائض سرانجام دیں گے ۔سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے 41 واک تھرو گیٹس،903 میٹل ڈیٹیکٹرز اور 421 سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں ۔تاکہ تمام مقامات کی نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ بہاولپور ڈویژن میں سکیورٹی اور عوامی سہولیات کے جامع انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ریجنل پولیس آفیسر غازی محمد صلاح الدین اور کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا نے مختلف مقامات کے دورے کیے ۔ مویشی منڈی میں سہولیات، سکیورٹی اور ویکسی نیشن انتظامات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ بس سٹینڈ پر مسافروں کیلئے سہولیات اور اوورچارجنگ کے خلاف سخت احکامات جاری کیے گئے ۔ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے ہدایت کی ہے کہ تمام افسر و اہلکار اپنے فرائض پوری ذمہ داری اور الرٹ رہتے ہوئے انجام دیں۔