کوٹ ادو :عید کے دوران بجلی لوڈشیڈنگ جاری رہی
دعوؤں کے برعکس شدید گرمی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان
کوٹ ادو ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) واپڈا حکام نے حکومتی حکم ہوا میں اڑا دیا ۔ عید الاضحیٰ کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے دعوے جھوٹ ثابت ہوئے اور شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی عید پھیکی کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے عوام کو یہ خوش خبری دی گئی تھی کہ عید کے تینوں روز ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی ، تاہم یہ دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔ عید کے پہلے روز ہی مختلف شہری اور دیہی علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع کر دی گئی جس سے عوام شدید پریشانی اور مایوسی کا شکار ہو گئے ۔ واپڈا حکام نے عید کے تینوں ایام میں اپنی ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ جاری رکھا ، جس کے باعث شدید گرمی میں عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا اور شہریوں نے شدید احتجاج اور ناراضی کا اظہار کیا