عید صفائی آپریشن مکمل، ورکرز نے کیک کاٹا، مٹھائی تقسیم
گول باغ چوک میں ڈبلیو ایم سی کی تقریب ، عملہ کو بھر پورخراج تحسین پیش
ملتان (خصوصی رپورٹر) ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے عید الاضحیٰ کا میگا صفائی آپریشن مکمل ہونے پر گول باغ چوک میں پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد مدثر اور کمپنی کے سی ای او ذولفقار احمد نے کی۔ اس موقع پر صفائی ورکرز کے ہمراہ جشن منایا گیا، کیک کاٹا گیا اور گل پاشی کی گئی جبکہ ورکرز میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ تقریب کے دوران شدید گرمی میں شبانہ روز فرائض انجام دینے والے صفائی عملے کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد مدثر نے کہا کہ عید ایام میں 15 ہزار ٹن سے زائد آلائشوں کو محفوظ انداز میں ٹھکانے لگانا ایک بڑی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا گیا۔ سی ای او ذولفقار احمد نے بتایا کہ عید صفائی آپریشن میں 9 ہزار سے زائد ورکرز نے حصہ لیا اور شہریوں کے تعاون سے آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ تمام عارضی کولیکشن پوائنٹس کی کلیئرنس بھی آج مکمل کرلی جائے گی۔ تقریب کے اختتام پر صفائی ورکرز کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے خصوصی مبارکباد پیش کی گئی۔