وہاڑی :بلدیاتی حلقہ بندیاں، سیاسی سرگرمیاں عروج پر
امیدواروں کی بیٹھکیں، پرانے و نئے چہرے میل ملاقاتوں میں مصروف سیاسی جماعتوں سے وابستہ گروپ لیڈرز کی حمایت حاصل کرنے کیلئے سرگرم
وہاڑی(نمائندہ خصوصی) بلدیاتی حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہوتے ہی امیدواروں نے لنگوٹ کس لیے ہیں اور سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ سٹی و دیہاتی یونین کونسلز کی حلقہ بندیوں کے بعد ضلع بھر میں امیدواروں نے عوامی رابطے شروع کر دیے ہیں اور پرانے و نئے چہرے میل ملاقاتوں، جنازوں میں شرکت اور بیمار افراد کی تیمارداری کے ذریعے اپنی سیاسی پوزیشن مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر انتخابی سرگرمیاں بھی عروج پر ہیں جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ڈیروں پر ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں سے وابستہ امیدوار اپنے اپنے گروپ لیڈرز سے نامزدگی کی یقین دہانی حاصل کرنے کے لیے متحرک ہیں۔ بعض امیدواروں نے یو سی چیئرمین اور جنرل کونسلر دونوں نشستوں پر بھی اپنی دعویداری ظاہر کر دی ہے ۔ سیاسی حلقوں کے مطابق آئندہ بلدیاتی انتخابات میں سخت مقابلہ متوقع ہے اور نتائج مقامی سیاسی قوت کا نیا تعین کریں گے ۔