پولیس نے اوورسیز پاکستانی کا چوری ہونیوالا سامان برآمد کرلیا
پولیس نے اوورسیز پاکستانی کا چوری ہونیوالا سامان برآمد کرلیاسعودی عرب سے واپس آنے شہری کا سامان رکشہ ڈرائیور لے کر فرار ہو گیا تھا
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر ) تھانہ سٹی پولیس نے اوورسیز پاکستانی کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب میں تین سال بعد مزدوری کر کے واپس آنے والے شخص کا چوری ہونے والا قیمتی سامان اور پاسپورٹ برآمد کر لیا اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تفصیل کے مطابق متاثرہ مزدور کا سامان اس وقت چوری ہوا جب وہ وین سے اتر کر اپنا سامان رکشے میں رکھ رہا تھا کہ اسی دوران وہ آب زم زم لینے گیا تو رکشہ ڈرائیور سامان سمیت فرار ہو گیا۔ متاثرہ شہری نے فوری طور پر تھانہ سٹی پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے جدید سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزم اور رکشہ کی تلاش شروع کی۔ پولیس نے مختصر وقت میں رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر کے اس کی نشاندہی پر چوری شدہ تمام قیمتی سامان برآمد کر کے اصل مالک کے حوالے کر دیا۔ سعودی پلٹ شہری نے بروقت کارروائی اور جمع پونجی کی واپسی پر پولیس کا شکریہ ادا کیا۔