بھرتی کوٹہ پر عملدرآمد نہ ہونے پر پی ایچ ڈی اساتذہ کا احتجاج
بھرتی کوٹہ پر عملدرآمد نہ ہونے پر پی ایچ ڈی اساتذہ کا احتجاجسینئر تدریسی عہدوں پربراہ راست بھرتی نہ ہونے سے کیریئر تباہ ،اظہار تشویش
ملتان (خصوصی رپورٹر) پنجاب کے سرکاری کالجوں میں خدمات انجام دینے والے پی ایچ ڈی اساتذہ نے سینئر تدریسی عہدوں پر براہ راست بھرتی کے کوٹے پر عملدرآمد نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ گریڈ 19 اور 20 کی آسامیوں پر براہ راست بھرتی کے لیے مختص کوٹے پر عمل نہ ہونے سے ان کی پیشہ ورانہ ترقی کا عمل متاثر ہو رہا ہے ۔فیکلٹی ممبران کے مطابق پنجاب پبلک سروس کمیشن کی جانب سے طویل عرصے سے ان آسامیوں کا اشتہار جاری نہیں کیا گیا جو پی ایچ ڈی ہولڈرز کے لیے مختص ہیں۔ اس صورتحال کے باعث متعدد اہل اور تجربہ کار اساتذہ کئی برسوں سے ایک ہی گریڈ میں خدمات انجام دینے پر مجبور ہیں۔اساتذہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے سروس رولز کے مطابق ترقی کی امید میں پی ایچ ڈی اور پوسٹ ڈاکٹریٹ جیسی اعلیٰ تحقیقی ڈگریاں حاصل کیں، تاہم انتظامی تاخیر کے باعث انہیں اس کا عملی فائدہ نہیں مل سکا۔ سینئر پروفیسرز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کئی اساتذہ طویل تدریسی اور تحقیقی خدمات کے باوجود اعلیٰ عہدوں تک پہنچے بغیر ریٹائر ہو سکتے ہیں۔تعلیمی حلقوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ اساتذہ کے لیے فوری ریلیف پیکیج متعارف کرایا جائے اور ایسے پی ایچ ڈی اساتذہ کو خصوصی ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں جو طویل عرصے سے اگلے گریڈ کے منتظر ہیں، تاکہ تعلیمی شعبے کو ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے ۔