35کلو غیر معیاری خوراک تلف، مردہ مرغیاں برآمد
35کلو غیر معیاری خوراک تلف، مردہ مرغیاں برآمد ملاوٹی برفی پکڑی گئی،ایک ملزم گرفتار،بھاری جرمانے ،گاڑی بھی ضبط
ملتان ،کوٹ ادو(لیڈی رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)فوڈ اتھارٹی ٹیموں کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، متعدد فوڈ پوائنٹس کا معائنہ،فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 35 کلو غیر معیاری خوراک تلف ،مضر صحت مردہ مرغیوں کی بھاری مقدار برآمد، ملاوٹی برفی پکڑی گئی، ایک ملزم گرفتار، گاڑی ضبط جبکہ بھاری جرمانے بھی کئے گئے ۔ملتان میں شکوری چوک سمیجہ آباد کے سویٹس اینڈ بیکرز کو صاف پانی کے استعمال میں غفلت، حشرات کی روک تھام کے ناقص انتظامات اور غیر معیاری اجزاء کے استعمال پر 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ بدھلہ روڈ پر ہوٹل کو صفائی نہ ہونے اور کھلے مصالحہ جات کے استعمال پر 12 ہزار، ابدالی روڈ نواں شہر چوک پر ریسٹورنٹ کو آلودہ پانی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر 25 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ناگ شاہ چوک پر فوڈ پوائنٹ کو ایکسپائری شوارما بریڈ اور باسی خوراک رکھنے پر 35 ہزار، محسن ٹاؤن میں سوڈا واٹر پلانٹ کو مصنوعی مٹھاس کے استعمال اور لیبلنگ نہ ہونے پر 20 ہزار جبکہ قاسم فورٹ میٹرو اسٹیشن کے قریب کیٹرنگ یونٹ کو ناقص صفائی اور گوشت میں خون کے ذرات پائے جانے پر 35 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ مختلف دیگر مقامات پر بھی مجموعی طور پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ۔دوسری جانب کوٹ ادو کے تھانہ سٹی کے علاقے میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 1500 کلوگرام مردہ اور مضر صحت مرغیاں برآمد کر لیں، جو مختلف ہوٹلوں اور دکانوں کو سپلائی کی جا رہی تھیں۔ ویٹرنری ڈاکٹر کی رپورٹ میں گوشت کو انسانی استعمال کے ناقابل قرار دیا گیا، جس پر اسے موقع پر تلف کر دیا گیا ۔جبکہ گاڑی کو قبضے میں لے لیا گیا اور ایک ملزم فرار ہو گیا۔اسی علاقے میں ایک دکان پر چھاپے کے دوران ملاوٹی برفی برآمد ہوئی جس میں نشاستہ اور غیر معیاری اجزاء کی ملاوٹ پائی گئی۔ ایک ملزم کو گرفتار کر کے برفی تلف کر دی گئی اور دکان کو سیل کر دیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق تمام کارروائیاں پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت جاری ہیں اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔